کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کراچی میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سنٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کر دیا۔
جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کو آرڈینیشن سینٹر آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے نیول چیف کا استقبال کیا۔ کوآرڈینشن سینٹر مقامی بحری سٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی انفارمیشن فیوژن سنٹرز کے ساتھ رابطے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ سنٹر مقامی طور پر تیار کردہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن شئیرنگ کی سہولیات سے آراستہ ہے۔ سنٹر ملکی اور خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی کو بہتر بنا کر ملکی میری ٹائم سیکٹر کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب کے دوران سینٹر کی کارکردگی اور آپریشنز کے حوالے سے عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ نیول چیف نے سنٹر کی تجدید، سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہا۔