لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کیخلاف مقدمہ درج کرانیوالا پی ٹی آئی کا تنظیمی عہدیدار اور کرمنل ریکارڈ یافتہ نکلا، بدر رشید خان ہیرا لاہور میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے۔
پی ٹی آئی کا نواز شریف اور لیگی قیادت پر مقدمے کے اندراج سے لاتعلقی کا موقف غلط نکلا، نواشریف کے خلاف غداری کے مقدمے کا مدعی خود کرمنل ریکارڈ یافتہ ہے، بدر رشید پر اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق بدر رشید تحریک انصاف کی جانب سے یوسی چیئرمین کا الیکشن بھی لڑچکا ہے۔
گورنر ہاؤس نے ن لیگ کے قائدین کیخلاف مقدمہ کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔ ترجمان گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ بغاوت کے مقدمہ کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، پنجاب پنجاب بھر سے ہزاروں افراد گورنر پنجاب سے ملاقات کرتے ہیں، ملاقات کے لیے آنیوالوں کا تصاویر بنانا معمول کی بات ہے، چودھری سرور سیاست میں وضعداری کے قائل ہیں، مخالفین کے خلاف کسی مقدمہ یا اس کی حوصلہ افزائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
معاملے پر ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ ریاست یا کسی ریاستی ادارے کی جانب سے درج نہیں بلکہ یہ مقدمہ ایک شہری بدر رشید کی درخواست پر درج کیا گیا، ثبوت ملے تو کارروائی ہوگی، انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
خیال رہے لیگی قائد اور مریم نواز سمیت مسلم لیگ ن کی قیادت اور درجنوں سینئر رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں درج ایف آئی آر میں غداری اور دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔