لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں پر کسی قسم کی تنقید نہیں ہوسکتی، دیار غیار میں بیٹھے شخص کے بیانات کی یہاں پر موجود افراد نے تائید کی، بغاوت کے مقدمے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایف آئی آر درست درج کی، پنجاب پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر فوری ملزمان کو گرفتار کرے گی، ملک کا آئین کہتا ہے ریاستی اداروں کے خلاف کسی قسم کی کوئی تنقید نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے شہری کی درخواست پر نواز شریف، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے میں ظفر الحق، خرم دستگیر، اقبال ظفر جھگڑا، صلاح الدین ترمذی، احسن اقبال، شیخ آفتاب، پرویز رشید، خواجہ آصف، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق کو بھی نامزد نامزد کیا گیا۔ بیگم نجمہ وحید، بیگم ذکیہ شاہنواز، طارق رزاق چودھری، شیزا فاطمہ، جاوید عباسی، مہتاب عباسی، جاوید لطیف، مریم اورنگزیب اور دیگر کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا نواز شریف نیب قوانین کے تحت سزا یافتہ مجرم ہیں، اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسایا گیا، پاکستان کے قوانین سزا یافتہ مجرم کو ایسی تقاریر اور اقدامات کی اجازت نہیں دیتے۔