نواز شریف قومی مجرم، لوگوں کو اکسانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں: غلام سرور

Published On 03 October,2020 08:31 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی پر حملہ کرنے والے نواز شریف قومی مجرم ہیں اور لوگوں کو اکسانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ہوا بازی نے کیمپ آفس راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت ایک پاکستانی اور ایک کارکن یہ پریس کانفرنس کر رہا ہوں، یہ ایک قومی معاملے پر ہے، قومی سلامتی پر حملہ کرنے والے اور ملک کو لوٹنے والے نواز شریف قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار ہفتے کے لئے بیماری کا کہہ کر بیرون ملک گئے اور وہاں پاکستانی اداروں کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، پاکستان کا قیام جو کہ نظریات کی بنیاد پر بنا، اس میں مسلم لیگ نے ہر اوّل دستے کا کا م کیا، پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے یہ ہمارا ایمان ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لیاقت علی خان جو نواب آف بھوپال تھے، انہوں نے اپنا سب کچھ پاکستان پر قربان کردیا، ان کی قربانیاں آج تک سب کو یاد ہیں۔ ہم سب نے پاکستان کو جائز مقام دینے میں ہمیشہ کوتاہی برتی، تین بار وزیراعظم رہنے والے نے پاکستان کو کیا دیا، اب یہ پاکستان اور مسلم لیگ کے لئے بدنما داغ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی حریف آئینی اداروں کو متنازعہ بنا کر ملک کونقصان پہنچا رہے ہیں: شفقت محمود

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے خلاف بدترین کنفیڈریشن کی، پاکستان کے اداروں پر وار کیا، کسی قسم کی کوئی ٹریٹمنٹ ہی نہیں رہی، ملک کے غریب عوام کا خون چوسا، اس نااہل شخص نے اداروں کا تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میری اپیل ہے مسلم لیگی سوچ رکھنے والوں مسلم لیگی عہدیداروں سے کہ وہ بددیانت شخص کے بارے میں سوچیں۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، کلبھوشن رنگے ہاتھوں پکڑا گیا مگر نواز شریف نے کبھی انڈیا کے خلاف کبھی کوئی بیان نہیں دیا، یہ ہندوستانی ایجنڈے پر کام کررہا ہے، یہ مسلم لیگ کا لیڈر انتہائی کرپٹ شخص ہے، اللہ پاکستان کو ایسے حکمرانوں سے محفوظ رکھے، یہ قائد ایم کیو ثانی بن رہا ہے، ڈر ہے کہ نواز شریف اقتدار کے لئے اپنا دھرم بھی تبدیل نہ کرلے، سب سے پہلے ان کو پاکستان واپس لانا ہے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ یہ لوگ لوگوں کو اکسانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو ان سے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ان کے ملک دشمن بیانات پر ان کے اپنے لوگ انکا ساتھ نہیں دے رہے، گڈ گورننس کو بہتر کرنے کے کئے اقدامات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے، صرف مدرسے کے طالبعلموں کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ ان کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔
 

Advertisement