اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوازشریف کا بیانیہ پٹ چکا ہے، الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، جن حلقوں میں آر ٹی ایس ڈاؤن رہا وہاں پی ٹی آئی کے امیدوار الیکشن ہارے۔
وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا 5 قومی اسمبلی کی نشستیں ایک ہزار ووٹ سے کم مارجن سے پی ٹی آئی ہاری، 15 امیدوار 2500 سے کم مارجن سے ہارے، اگر گنتی دوبارہ کر دیتے پی ٹی آئی نے اکیلے حکومت بنانی تھی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا الیکشن کے بعد ایسے الزامات لگتے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں جمہوری کلچر نہیں ہے، ہارنے والا اپنے ساتھیوں کو یہ ہی یقین دلاتا رہتا ہے کہ ہم نہیں ہارے، ہرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا بیانیہ ایک پٹا ہوا بیانیہ ہے، آپ قوم کے بچوں کو سڑک پر اور اپنے بچوں کو مے فیئرز رکھنے کی بچگانہ تحریک چلا رہے ہیں۔