لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، نواز شریف بیمار ہیں تو اپنی رپورٹ پیش کریں۔
بلوچستان اسمبلی کے دورے کے دوران اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو سمیت ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، صوبائی وزیر زمرک خان، رکن اسمبلی اخترحسین لانگو سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تحریک چلائیں امن و امان کی ذمہ داری ہماری ہے۔ احتجاج کے دوران اگر اپوزیشن جماعتوں نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو حکومت ایکشن لے گی۔ قانون کو اگر کوئی ہاتھ میں نہیں لے گا تو ہم بھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے۔
چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، وہ پی ٹی آئی کو پانچ سال پورا کرنے دینا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کسی طور بھی اپوزیشن کو دباو میں لانے کی کوشش نہیں کر رہی۔ گرفتاریوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، نیب بااختیار ہے۔ عدلیہ آزاد ہے، میرٹ پر فیصلے ہورہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اگر جج حق میں فیصلہ کرے تو ہی درست ہوتا ہے۔ وفاق اور پنجاب حکومت مستحکم ہے، دورہ بلوچستان سے متعلق انھوں نے کہا کہ لوگوں نے بہت پیار دیا، صوبے میں چار فلٹرریشن پلانٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ تسلیم کرنا ہوگا پاکستان کی ترقی اور خوشحالی بلوچستان سے منسلک ہے۔ بلوچستان کے وسائل کو بروکار لایا گیا تو پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔