لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ قومی راز افشا کر کے نواز شریف نے اپنے حلف سے خیانت کی، نون لیگ اب میم لیگ میں تبدیل ہوچکی، نواز شریف منفی سیاست سے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کی اے پی سی کا مقصد کرپشن کیسز کو بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا ہے، نواز شریف کیساتھ اے پی سی کے ذریعے سیاست ہوئی، فضل الرحمان نے بھی تقریر میں مناسب بات کی، نواز شریف کی باری آئی تو انہوں نے ملکی رازوں کو افشا کیا، نواز شریف کی تقریر پر جو ردعمل آیا اب یہ بھگت رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا 2013 کے الیکشن میں 410 جبکہ 2018 کے الیکشن میں 95 پٹیشنز داخل ہوئیں، 2013 کے انتخابات میں تاریخ کی بد ترین دھاندلی ہوئی، 2013 کے الیکشن کے بعد ہم نے 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، چاروں حلقے بعد میں کھلے، چاروں میں دھاندلی ثابت ہوئی، 2013 کے الیکشن کے بعد آپ سلیکٹڈ ہوئے تھے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا دھاندلی کے الزامات لگائے لیکن الیکشن کمیشن کو ثبوت نہیں دے سکے، آر ٹی ایس جہاں جہاں بیٹھا وہاں پی ٹی آئی کے امیدوار ہارے، نواز شریف صاحب اپنی فرسٹریشن نکال رہے ہیں، (ن) لیگ باہر، (ش) لیگ اندر اور (م) لیگ ناچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے کروز میزائل کی بات کر کے بڑی غلطی کی، کروز میزائل ریورس انجینئرنگ کی بات پر ڈاکٹر ثمر مبارک مند جواب دے چکے۔