لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’اختلافی نوٹ‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور لیگی قائد کے بیٹے کی لندن میں بھارت سے آئے 3 لوگوں کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے، مریم نواز بھی گزرے 15 روز میں بھارتی افراد سے مل چکی ہیں۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے الفاظ بھارتی اسٹیبلشمنٹ کہلوا رہی ہے، وقت آنے پرساری تفصیلات بتائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف مجرم ہیں ان کے عام شہری کی طرح حقوق نہیں، کریمنل کوجمہوری کہنا بھی جرم ہے۔ اس طرح کے لوگ اپنے آپ کوجمہوری کہتے ہیں۔ ان کو کوئی غدارنہیں کہہ رہا خود متحدہ بانی کی طرح تقریریں کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شریف برادران کی تقاریر پر پابندی، درخواست سماعت کیلئے مقرر
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ہرطرف سے جواب ملنے پر نوازشریف کو انقلابی ہونے کا شوق پیدا ہوا، راناثنااللہ شہبازشریف گروپ کے آدمی ہیں، وہ بڑے میاں کے بیانیے کا وزن نہیں اٹھا سکتے۔ چودھری نثارمعتبرسیاست دان ہیں، وہ آگے بڑھ کرمحب وطن ورکرز کو اکٹھا کریں، چاہتے ہیں جمہوری اپوزیشن ہو۔
اس موقع پر سوال کیا گیا کہ کیا وفاقی حکومت نے چودھری نثار سے رابطے کیا جس پر معاون خصوصی سوال کا جواب گول کر گئے اور کہا کہ یہ کہانی پھرصیح۔
انہوں نے کہا کہ احتساب،کرپشن کیسزسمیت کسی سے کوئی بات نہیں ہوگی، راجہ ظفرالحق محب وطن پاکستانی ہیں اگرکوئی قانون سازی سمیت بات کرنا ہوگی توکریں گے۔ غداروں سے کیا بات کریں جنہوں نے ملک لوٹا۔ مسلم لیگ(ن)کے اندرسے بھی آوازیں آرہی ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ نوازشریف کرپٹ ہے اس لیے فوج کے ساتھ مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان کا توفوج کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں۔ سابق وزیراعظم ضیاالحق کے بغل بچے تھے، امیرالمومنین بننا چاہتے تھے، نوازشریف کا مسئلہ کرپشن کرتے ہیں اورچاہتے ہیں کوئی نہ پوچھے۔