مسلم لیگ (ن) نے لوٹ مار اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا: شبلی فراز

Published On 04 October,2020 03:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار کو خاندانی حق سمجھتی ہے، اس کے ترجمان ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں، انہوں نے لوگوں کی جیبیں کاٹیں، لوٹ مار، کرپشن اور عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو زرمبادلہ ذخائر 6 ہفتے سے زیادہ کے نہیں تھے، (ن) لیگ نے ڈالر کو مصنوعی سطح پر رکھا ہوا تھا، انہوں نےجان بوجھ کرایکسپورٹ نہیں بڑھائی، ملک میں نئے کارخانے نہیں لگے، انڈسٹری تباہ ہو گئی۔ ن لیگ کے دور میں ایکسپورٹس میں ایک فیصد بھی اضافہ نہ ہوا، درآمدات اور برآمدات کا فرق 20 ارب ڈالر کا تھا، ہمارے پاس ڈالر ہوتے بھی تو مصنوعی سطح پر برقرارنہ رکھتے۔ شاہد خاقان نے اسحاق ڈار کو اپنے جہاز میں چھپا کر بیرون ملک فرار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو آتے ہی قرض ادائیگی کا چیلنج تھا، ہم نے زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 ارب ڈالر اضافہ کیا، 20 ارب ڈالر خسارہ 8 کروڑ ڈالرکی مثبت سطح پر لے آئے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں کوئی ضمانت پر ہے تو کوئی جیل میں ہے اور یہ ہمیں مہنگائی کے بھاشن دیتے ہیں۔ انہی کے کرتوتوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی ہے۔ نوازشریف مہنگے ترین فلیٹ میں بیٹھ کرتقریریں کرتے ہیں،ان کو اگرپاکستان سے ہمدردی ہے تواپنے فلیٹس بیچیں اوراولاد کوپاکستان لائیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نوازشریف اقتدارسے باہررہ کرعوام کواستعمال کرنا چاہتے ہیں، عوام بھوکے مررہے ہوں تو نوازشریف کو کیا فرق پڑتا ہے۔ وہ ملک میں بے یقینی پھیلانا چاہتے ہیں، ان کے بیانیے کے بعد اپوزیشن میں پھوٹ پڑچکی ہے۔ عمران خان نڈرلیڈر ہیں، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔
 

 

Advertisement