اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ لیگی قائد اور مریم نواز کا بیانیہ ملک دشمن ہے، اس بیانیے کا بوجھ کوئی اور نہیں اٹھا سکتا، مریم اورنگزیب چاہتی ہیں ان کی چوری پر بات نہ کی جائے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سب کو پتا ہے ملک کابیڑہ کس نے غرق کیا ہے، یہ مریم صفدر کو بھی پتا ہے انکے ملک دشمن اور بی جے پی کے بیانیے کا بوجھ مسلم لیگ ن کے ووٹرز اور لیڈرز نہیں اٹھا سکتے۔ سب کو پتا ہے بجلی گھروں میں سے کس نے کک بیکس لیے، سب کو پتہ ہےمیٹرو میں کرپشن آپ نے کی۔
شہباز گل نے مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کرائے کے ترجمانوں کی بات کس منہ سے کرتی ہیں، آپ تو انکی نسل درنسل غلام ہیں، کسی میرٹ پر تو آپ آئی نہیں۔ آپ نہیں چاہتیں کہ نوازشریف کی چوری پر بات کی جائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ تمام باتوں پر سیاست بھی ہوگی اور آپ کو جواب بھی دیں گے۔ پاکستان کوویڈ کے ساتھ کس طرح لڑا پوری دنیا اسکی مثال دے رہی ہے، آپ لوگ کوویڈ کے بہانے سیاست کرنا چاہتے تھے لیکن اللہ پاک کو کچھ اور منظور تھا۔ اللہ پاک نے یہ سعادت عمران خان کو دی کہ وہ ڈٹے رہے ، سب کہتے رہے کہ سخت لاک ڈاؤن نہ کرنے پر عمران خان کیخلاف مقدمات بنائے جائیں مگر عمران نے دباؤ برداشت کیا اور غریب کا کندھا بنے ،اس کی آواز سنی ۔وزیراعظم نے مشکل فیصلہ کیا جو دنیا میں کسی اور سیاسی لیڈر نے نہیں کیا ۔
شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنی قوم کے غریب طبقے کےلئے فیصلہ کیا کہ سخت لاک ڈاؤن نہیں کریں گے ،ان کی استقامت پر اللہ نے رحمت کی کیونکہ نیت صاف تھی، ہماری اکانومی بھی بچ گئی اور ہماری جانیں بھی بچ گئیں ، ہمارے جیسے وسائل رکھنے والے ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جو بچا ہوا ہے۔