اسلام آباد: (دنیا نیوز) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پر اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے میئر اسلام آباد کیخلاف 2 بار ریفرنس دائر کر کے انھیں عہدے سے ہٹایاتھا۔ عدالت نے شیخ انصر کو دوبارہ عہدے پر بحال کیا تھا۔ اب انہوں نے خود ہی استعفیٰ دیدیا ہے تاہم ابھی ان کے عہدے کی مدت میں چار ماہ کا عرصہ باقی ہے۔
یاد رہے کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر کا تعلق اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ رواں سال ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں ان پر اختیارات کے غلط استعمال، سرکاری املاک، عملے اور وسائل کو ذاتی طور پر استعمال کرنے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
یہ ریفرنس کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے رکن ہمایوں اختر کی جانب سے فائل کیا گیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کے رکن اسمبلی علی نواز اعوان کی زیر سربراہی قائم مقامی حکومت کے کمیشن نے معاملے کی تحقیقات تک میئر کو معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔
البتہ شیخ انصر عزیز نے اس ریفرنس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر الزامات لگائے گئے ہیں۔