اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی پی ڈی ایم کے جواب میں تحریک انصاف نے حکمت عملی تیار کرلی۔ کل راولپنڈی کے لیاقت باغ میں پاور شو ہوگا۔ ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق ریاست مخالف بیانیے کوعوامی قوت سے غیر موثر کیا جائے گا۔
دفاعی حکمت عملی کی بجائے پی ٹی آئی نے فرنٹ فٹ پرجارحانہ سٹروک لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ کوئی دباؤ قبول کئے بغیر ریاست مخالف بیانیے کو عوامی قوت کے بھرپور اظہار سے غیر مؤثر کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کل راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں تنظیمی کنونشن کے ذریعے بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، شمالی پنجاب ریجن کے ہزاروں نو منتخب ذمہ داران لیاقت باغ میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی تنظیمی ذمہ داریاں سنبھالنے والوں سے جماعتی آئین سے وفاداری کا حلف لیں گے۔