اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ایک دن میں 88 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کئی سیکٹرز میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ اتوار صبح سے ان علاقوں کو سیل کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں کورونا کی نئی لہرسامنے آنے لگی، وفاقی دار الحکومت میں ایک دن میں 88 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، کئی سیکٹرز میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، راو لپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو شادی ہالز سیل کر دیئے گئے اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: این سی او سی نے کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کر دیا
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر اسلام آباد کے جاری مراسلے میں کہا گیاہے کہ نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیکٹر جی 10/4 گلی نمبر 38،44،45،46،47 اور 48 کو سیل کر دیا جائے۔ سیکٹر آئی 8/2 کی گلی نمبر 25، 29 اور سیکٹر جی 10/4 کی 85 اور 89 نمبرگلیاں بھی سیل کی جائیں۔ متاثرہ علاقوں سے کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔بروقت لاک ڈاون سے کورونا کیسز کے پھیلاو میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
محکمہ صحت کے مراسلے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کہاکہ اتوار صبح سے ان علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاون نافذ کر دیا جائے گا۔ شہری مناسب مقدار میں کھانے پینے کے سامان اور دیگر اشیاء کا بندوبست کرلیں۔ دوسری جانب راولپنڈی میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر دو شادی ہال کو سیل کر کے 95 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیاہے ،ضلعی انتظامیہ نے کئی مقامات پر سخت وارننگز بھی جاری کیں۔