اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی، جعلی مقابلوں اور نام نہاد تلاشی ومحاصرے کی کارروائیوں میں نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ نے اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک بیان میں اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ذرائع ابلاغ سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم پر بھارت کا محاسبہ کیا جائے۔ دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن واستحکام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادںو اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کام کرے ۔
گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے اضلاع کولگام اور پلوامہ میں چار کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا تھا۔ غیر قانونی اور غیر انسانی فوجی محاصرے میں ایک چودہ سالہ لڑکا شدید زخمی ہوا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت تین سو سے زائد کشمیری شہید ہوئے۔