نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی کے ساتھ ملا کر دبا نہیں سکتا، عالمی برادری ریاستی دہشت گردی کو بیان کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ہم خود دہائیوں سے سرحد پارسے دہشت گردی کا شکار ہیں، پاکستان کے 70 ہزارافراد شہید ہو گئے اور 120 بلین کا معاشی خسارہ برداشت کیا، ہماری افواج اور عوام نے بڑی ہمت اور حوصلہ کے ساتھ دہشت گری کے خلاف جنگ جیتی، ہم نے بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔
منیر اکرم کا کہنا تھا عالمی برادری ریاستی دہشت گردی کو بیان کرنے میں ناکام رہی ہے، حق خودارادیت کو دبانا اور بیرونی فورسز کا قبضہ ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، آج پاکستان مغربی سرحد پر بھارت کی طرف سے مدد اور منظم کئے گئے دہشت گرد گروپوں کی دہشت گری کا شکار ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے مزید کہا اقوام متحدہ کی ہر قرارداد یہ بتاتی ہے کہ دہشت گردی کو کسی بھی مذہب کے ساتھ منسلک نہ کیا جائے، جب ایک مسلمان جرم کرتا ہے تو وہ فوری طور پر دہشت گردی کے زمرے میں آجاتا ہے لیکن جب ایک غیر مسلم جرم کرتا ہے تو وہ صرف ایک جرم ہوتا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیں اس کی بنیادی وجوہات کو ختم کرنا ہوگا۔