اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ڈینیل پرل قتل کیس کے 4 ملزمان کی رہائی روکنے سے متعلق اپنے حکم نامے میں توسیع سے انکار کر دیا۔ عدالت نے اپیل کنندہ کی جانب سے تیاری نہ ہونے پر مہلت کی استدعا منظور کرلی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل سندھ ڈاکٹر فیض شاہ نے بتایا کہ گزشتہ سماعت کا حکم نامہ 5 اکتوبر کو ملا، اس لئے دستاویز تیار نہ کر سکے، کیس میں مرکزی اپیلیں جمع ہیں لیکن مزید دستاویز جمع کرانے کے لئے مہلت چاہئے۔
جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ ملزمان کو پہلے ہی انتظامی آرڈر کے تحت نظر بند کیا جاچکا ہے، عدالت کو اس سے کوئی سروکار نہیں کہ عدالت کے باہر کیا ہو رہا ہے۔ عدالت نے پراسیکیوٹرجنرل سندھ اور دیگر وکلا کو آئندہ سماعت پر مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔