اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹس گرفتاری کی تعمیل کے معاملے میں لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران نے تحریری بیان اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔
فرسٹ سیکرٹری دلدار علی ابڑو کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بیٹے کے سیکرٹری وقار احمد نے انہیں کال کر کے کہا کہ وہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری نواز شریف کی پارک لین لندن رہائش گاہ پر وصول کرے گا، 23 ستمبر کو دن گیارہ بجے ملنے کا کہا گیا ہے، وقار کو بتایا کہ قونصلر اتاشی راؤ عبدالحنان وارنٹس کی تعمیل کے لیے آئیں گے، برطانیہ کے وقت کے مطابق 10 بج کر 20 منٹ پر وقار نے کال کر کے وارنٹس وصولی سے معذرت کرلی۔
راؤ عبدالحنان کے مطابق وہ لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر 17 ستمبر کو شام 6 بجکر 35 منٹ وارنٹس کی تعمیل کے لیے گئے، نواز شریف کے ذاتی ملازم محمد یعقوب نے وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کیا، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی بائی ہینڈ تعمیل نہیں ہو سکی۔