آمدن سے زائد اثاثے کیس، رخسانہ بنگش کا گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 12 October,2020 03:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنماء و سابق صدر پاکستان آصف زرداری کی پرسنل سیکرٹری رخسانہ بنگش نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

وکلاء فاروق ایچ نائیک اور اسد عباسی کے ذریعے دائر درخواست میں نیب کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماسٹرز ڈگری ہولڈر یوں، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ نصرت بھٹو کی پرسنل سیکرٹری رہی اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر ممبر قومی اسمبلی بھی رہی، 2008ء سے2013ء تک سابق صدر پاکستان آصف علی ذرداری کی پرسنل سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیئے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 26 اگست 2020ء کو نیب کی طرف سے نوٹس بھیجا گیا جس کے ساتھ اثاثوں سے متعلق ایک فارم بھی تھا جس کا جواب جمع کرا دیا تھا، لیکن اس کے باوجود 14ستمبر کو نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس موصول ہوا،نیب کے کال اپ نوٹس کا مقصد ساکھ کو متاثر کرنا ہے اور خدشہ ہے کہ گرفتار کرلیا جائے گا، استدعا ہے کہ عدالت ضمانت قبل گرفتاری منظور کرے۔

یاد رہے کہ رخسانہ بنگش کا شمار سابق صدر آصف زرداری کی قریبی ساتھیوں کیا جاتا ہے۔