لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نیب کی حراست میں زخمی ہوئے، ان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، شہزاد اکبر گاڑیاں اور بھیس بدل کر نیب آتے ہیں، حکومت اجازت دے یا نہ دے گوجرانوالہ جلسہ گاہ بن چکا۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کے کمرے میں کیمرے لگا کر دوربینوں سے دیکھا جاتا ہے، شہباز شریف کے واش روم میں بھی کیمرے لگائے گئے ہیں، شکایت پر شہباز شریف کے واش روم سے کیمرہ اتارا گیا، حکم دیا گیا شہباز شریف کو زمین پر کھانا دیا جائے، نواز شریف کی بھی نیب حراست میں طبیعت خراب ہوئی تھی۔
مریم اورنگزیب کہنا تھا عمران خان اور شہزاد اکبر آٹا، چینی چور، علیمہ باجی کی سلائی مشینوں، مالم جبہ کیس اور فارن فنڈنگ اکاؤنٹس پر کیمرے لگائیں۔ انہوں نے کہا آپ دھمکیاں دیں، جیلوں میں بند کریں مگر گوجرانولہ جلسہ گاہ بن چکی ہے، نواز شریف کی قیادت اور شہبازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کے شیر گوجرانوالہ پہنچ چکے ہیں، تم عوام کے سمندر کو نہیں روک سکتے، روکنے کی کوشش کی تو ضائع ہو جاؤ گے۔
قبل ازیں مریم اورنگزیب نے کہا حکمرانوں کے ذہنوں سے گوجرانوالہ کا جلسہ نہیں نکل رہا، ہر حکومتی اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کا ہی ذکر ہوتا ہے، حکومت کے اجلاسوں میں اپوزیشن جماعتوں کا گوجرانولہ کا جلسہ ایجنڈے ہوتا ہے، حکومت ذہنی طور پر گوجرانولہ کے جلسے کا شکار ہوچکی ہے، حکومت کینٹرز لگا کر کوشش کر رہی ہے جلسہ نہ ہونے دیا جائے۔