اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات، کورونا وبا کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہائی کمشنرسے ملاقات کے موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دیرینہ اورگہرے دو طرفہ تعلقات موجود ہیں۔ برطانیہ، پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے ، پاکستان اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے متمنی ہیں، عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کرےاور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا مستقل حل کیلئے کوششیں کرے۔
برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موثرحکمت عملی سے کورونا کاپھیلاؤ روکنے میں کامیابی قابل تحسین ہے، انہوں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا ۔ دونوں رہنماوں میں ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی تعریف کی۔