اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی طلبی کیلئے برطانوی اخبارات میں بھی اشتہار شائع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا، وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دے دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے پاکستان کے لندن سے شائع ہونے والے دو بڑے اخبارات میں اشتہار شائع کرانے کا حکم دے رکھا ہے جو 19 اکتوبر کو شائع ہو گا، نواز شریف لندن میں ہیں اس لیے لندن کے اخبارات روزنامہ ٹیلی گراف اور گارڈین میں بھی اشتہار شائع کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے اجازت دی جائے۔ درخواست اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کو مفرور قرار دے کر بذریعہ اشتہار طلب کیا تھا، عدالت نے نواز شریف کے اشتہارجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے۔