لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے رواں سال گنے کی قیمت 200 روپے فی من رکھنے کے ساتھ 10 نومبر سے کرشنگ سیزن کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پنجاب حکومت نے امسال گنے کی کم از کم قیمت 200 روپے فی من رکھی ہے اور انشاء اللہ 10 نومبر سے کرشنگ سیزن کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہماری حکومت سے پہلے پنجاب میں گنے کےکسانوں کو صرف 100-120 روپے فی من ریٹ ملتا تھا، ہم نے پچھلے 2 سال سرکاری ریٹ (کم از کم 180/190 روپے) پر فوری ادائیگیاں یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ رمضان شوگر ملز جیسی ملز سے ہم نے غریب کسانوں کے پچھلے کئی سالوں سے دبائے ہوئے کروڑوں روپے ریکور کروائے۔
عثمان بزدار نے مزید لکھا کہ کسانوں کو کیش کی بجائے بنک اکاؤنٹ میں ادائیگی کی شروعات کی گئی اور کرشنگ دیر سے شروع کرنے والی ملز پر جرمانے کی حد 50 ہزار یومیہ سےبڑھا کر 50 لاکھ تک کر دی گئی ہے۔