راولپنڈی: راولپنڈی سے سکردو جانے والی کوسٹر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی۔ حادثے میں پاکستان آرمی کے 4 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا میں سپاہی سونا خان، آصف، ارشد اور فاروق شامل ہیں۔ شہادت پانے والے چاروں جوان اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ حادثہ سکردو روڈ کے قریب پنگس پری کے مقام پر پیش آیا۔
خیال رہے کہ راولپنڈی سے سکردو جانیوالی مسافر کوچ پر پہاڑی تودہ گرنے سے 16 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے تھے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بدقسمت مسافر کوچ کیساتھ یہ افسوسناک واقعہ پنگس پری کے مقام پر پیش آیا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اچانک پہاڑی تودا آگرا اور کوچ ملبے تلے دب گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 18 مسافر سوار تھے، 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 6 افراد ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے حادثے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 مسافروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ایس ڈی پی او محمد حسن کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کوچ میں سوار 16 افراد جاں بحق ہوئے جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں سے ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ لاشیں نکالنے کے بعد اب سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کیا جا رہا ہے جبکہ ہلاک اور زخمی ہو نیو الوں کو ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا ہے۔