کراچی: (دنیا نیوز) محمد زیبر نے کہا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری ریاستی دہشت گردی ہے، مقدمات یا گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں، سب سامنے آجائے گا، سندھ حکومت پر کس طرح دباؤ ڈالا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سابق گورنر ہونے کے ناطے پولیس سٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہیں، بات نہ سنی گئی تو پورے ملک میں ردعمل دیں گے۔
دوسری جانب مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے کیس میں کراچی پولیس نے نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر شوہر کو حراست میں لے لیا، پولیس کیپٹن (ر) صفدر کو گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنوں کے خلاف برگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ قائداعظم مزار پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ 6،8 اور 10 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل ن لیگی رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری کے دوران سیاسی نعرے بازی کی گئی تھی۔