نوابشاہ: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عوام پر مسلط کیے جانے کی حکمرانی کا تصور ختم ہونا چاہیئے، عوام کا ووٹ چوری کیا گیا، موجودہ حکومت غیر آئینی ہے۔
نوابشاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آج آئین کی حکمرانی کی جدوجہد ہو رہی ہے، ایک سال پہلے ملک میں ملین مارچ بھی ہوئے۔ یہ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، پی ڈی ایم دوبارہ الیکشن کرانے کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، ملک غیر اعلانیہ مارشل کی گرفت میں ہے، سول انتظامیہ فوج کے سربرہوں کے ماتحت ہے، کیپٹن صفدر کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک جمہوریت کے راستے پر نہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں آئی جی کو یرغمال بنانے کے معاملے پرانکوائری کی ضرورت نہیں، ایکشن ہونا چاہیے۔ استعفوں کا آپشنموجود ہے، دینے کی نوبت آئی تواستعفے دیں گے۔