اسلام آباد: (دنیا نیوز) واپڈا سیلاب کے موثر کنٹرول اور سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے روہتاس ڈیم تعمیر کرے گا، منصوبے سے 100 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔
تفصیل کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کے زیر صدارت اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ دوسرے آبی ذخائر کی طرح روہتاس ڈیم بھی ملک کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ اِس منصوبے کی بدولت سیلابی پانی کو بھی ذخیرہ کیا جائے گا، اس کے ذریعے اضافی زمین زیر کاشت لائی جا سکے گی۔
انہوں نے متعلقہ آفیسرز کو ہدایت کی کہ اِس ڈیم کی تعمیر سے متعلق تمام سٹڈیزاور دیگر امور ترجیحی طور پر مکمل کئے جائیں۔ چیئرمین واپڈا نے ملک میں پانی کے وسائل سے بھر پور استفادہ کرنے کے لئے واپڈا کی کثیر جہتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اِس وقت ملک میں پانی کے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں اور اِن پر تعمیراتی کام کی پیش رفت تسلی بخش ہے،
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے بنیادی مقاصد میں سیلاب پر قابو پانا، سیلاب کے پانی کو ذخیرہ کرنا اور کم لاگت پن بجلی کی پیداوار شامل ہیں۔
چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ منگلا ریزروائر سے ایک لنک چینل کے ذریعے اضافی اور سیلابی پانی کو روہتاس ڈیم تک منتقل کیا جائے گا۔ پراجیکٹ سٹڈیز کے مطابق اِس ڈیم میں دو سے تین ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا جبکہ منصوبے کی بدولت 100 میگاواٹ سستی پن بجلی بھی پیدا ہوگی۔