سندھ حکومت بجلی گیس بل معاف کرنے کے غیر آئینی اقدام اٹھانے سے باز رہے: پاور ڈویژن

Last Updated On 09 April,2020 10:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کی طرف سے بجلی گیس بل معاف کرنے کے معاملے پر پاور ڈویژن نے صوبائی حکومت کے اقدام پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت غیر آئینی اقدام اٹھانے سے باز رہے۔

پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق بجلی گیس کے محکمے وفاق کے دائرہ کار میں ہیں، صوبائی حکومت بجلی اورگیس کے شعبے میں قانون سازی نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت کورونا وائرس کے عوام پر اثرات سے مکمل آگاہ ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے احساس پروگرام شروع کیا گیا، وفاق کی جانب سے عوام کو بجلی گیس کے شعبوں میں سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق سندھ حکومت عوام کو اپنے وسائل سے اضافی ریلیف فراہم کرے، پاور ڈویژن ضرورت کے مطابق عوام کو بجلی اور گیس کے بل اقساط میں جمع کرانے کی سہولت برقرار رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 260 یونٹ تک بجلی کے بل معاف، سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا جس کے مطابق 260 یونٹ تک بجلی کے بل معاف جبکہ 261 سے 350 یونٹ تک 25 فیصد ادائیگی ہوگی، 351 یونٹ سے 450 یونٹ تک 50 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔

مسودے کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو معاشی کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔ گھر، دکان کا 50 ہزار روپے سے کم کرایہ ادا نہیں کیا جائے گا، ایک لاکھ روپے تک کرایہ ہونے کی صورت میں 50 فیصد ادا کیا جائے گا، ایک لاکھ سے زائد کرایہ ہونے کی صورت میں کرائے دار کو مکمل ادائیگی کرنا ہوگی، مالک مکان کے بیوہ، سینیئر سٹیزن یا معذور ہونے کی صورت میں کرایہ پورا ادا کرنا ہوگا۔

کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کے مطابق تمام نجی سکولز پر 20 فیصد فیس کٹوتی لازم قرار، سکولوں کو رعایت دینی ہوگی، نجی سکولز انتظامیہ کم کی گئی 20 فیصد فیس کسی اور مد میں وصول نہیں کرسکیں گے۔ سندھ کی حدود میں کام کرنیوالے تمام یوٹیلٹی سروسز کے اداروں پر آرڈیننس کا اطلاق ہوگا۔

محکمہ قانون سندھ آرڈیننس کا مسودہ گورنر کو منظوری کے لیے ارسال کرے گا، آئین پاکستان کے آرٹیکل 128 کے تحت آرڈیننس کا مسودہ تیار کیا گیا، سندھ کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس یکم اپریل سے سندھ میں نافذ ہوگا۔
 

Advertisement