سندھ سرکار کی صفائی مہم سیاسی سرگرمیوں کی نذر، کچرے کا خاتمہ خواب بن گیا

Published On 23 October,2020 09:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ سرکار کی صفائی مہم بھی سیاسی سرگرمیوں کی نذر ہوگئی، کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت صفائی مہم شروع کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے۔

شہر قائد کی سڑکوں اور چوراہوں سے کچرے کا خاتمہ خواب بن گیا۔ حکومتی شخصیات کی سیاسی سرگرمیاں بڑھنے کے باعث متعلقہ ادارے متحرک نہ ہوسکے۔ سڑکوں اور چوراہوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر جلتے کچرے کے ڈھیر تعفن و بیماریاں پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کیلئے 20 اکتوبر سے تمام اضلاع میں بیک وقت صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا بڑا دعویٰ کیا گیا تھا۔

حکومتی دعوے کے برعکس ضلع وسطی، کورنگی اور غربی میں معمول کا کچرا اٹھانے کا رجحان کم اور جلانے کا زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔ سڑکیں، چوراہے، پارک، کھیل کے میدان اور تعلیمی ادارے تک گندگی و تعفن کی زد میں ہیں۔

حکومتی اعلانات کے باوجود ضلع شرقی، جنوبی اور ملیر میں بھی ماہانہ کروڑوں کے اخراجات بے سود نظر آتے ہیں۔