کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نجی بینک میں گیس لیکج کے باعث دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے، 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
مسکن چورنگی کے قریب گلشن اقبال کے بلاک سیون میں واقع 105 فلیٹس پر مشتمل چار منزلہ عمارت کے گراونڈ فلور پر قائم نجی بینک میں دھماکا ہوا۔ پہلی منزل پر دو فلیٹس تباہ ہو گئے جبکہ ایک کو جزوی نقصان پہنچا۔
دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اپارٹمنٹ سے ملحقہ متعدد فلیٹس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے سے عمارت کا متاثرہ حصہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ ملبہ گرنے سے عمارت کے نیچے سے گزرنے والی گاڑیوں اور نچلے حصے میں واقع دو نجی بنکوں کو بھی خاصہ نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دھماکا کس چیز کا تھا، رینجرز کی بھاری نفری نے پہنچ کر بلڈنگ کے اطراف کے راستے بند کر دیئے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے زخمیوں کو نکال کر قریبی پٹیل ہسپتال منتقل کیا۔
18 زخمی پٹیل، 2 جناح اور 3 زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مسکن چورنگی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ مراد علی شاہ نے زخمیوں کیلئے فوری طبی امداد کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔