پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کی تقریر کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں ہوا ،اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے گوجرانوالا جلسے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر کی مذمت کی گئی۔
پی ٹی آئی کی خاتون رکن رابعہ بصری نے نواز شریف کی تقریر کے خلاف قرار داد پیش کی جس میں کہا گیا لغو الزامات سے ملک اوراداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی،نواز شریف کی تقریرکی مذمت کرتے ہیں۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ اداروں کے خلاف تقاریر پر پابندی لگانی چاییئے۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ کورونا کے ایک مریض کے علاج پر25 لاکھ روپے کا خرچہ آیا ہمیں اسکے بارے میں بتایا جائے، کورونا کے دوران جو اخراجات ہوئے اسکے بارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں،لاک ڈاون اور سمارٹ لاک ڈاون پر ہمیں حکومت اعتماد میں لے۔
اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں فیس پوری لے رہے ہیں،پڑھائی ہفتہ میں ایک روزکرائی جارہی ہے۔ بعد ازاں خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔