کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کا تمام بیانیہ عدلیہ پرحملہ ہے، برداشت نہیں کریں گے۔
کراچی میں پانچویں نیشنل جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدلیہ کے خلاف بلاوجہ تنقید کی جاتی ہے۔ تنقید وہی کرے گا یا کسی کوعلم نہیں یا پھرجان بوجھ کرایسی باتیں کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا تمام بیانیہ عدلیہ پرحملہ ہے،برداشت نہیں کریں گے، پاکستان کے ادارے ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کا سب کواحترام کرنا ہوگا، کرپٹ سیاسی لیڈرشپ کی وجہ سے پاکستان کے حالات یہاں تک پہنچے۔
فروغ نسیم کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کسی بیانیے میں جان نہیں۔ تمام چیزیں متنازع بنانے کی ضرورت نہیں۔ کل کسی نے کہا پاناما کیس ایک سازش تھی۔ کیا وزیراعظم یا پھر عسکری قیادت نے کہا تھا ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدیں۔ کیا آپ کوعمران خان یا فوج نے کہا کہ منی ٹریل نہ دیں؟۔ منی ٹریل آج دیدیں بات ختم ہوجائے گی، جس کے پاس منی ٹریل ہووہ پہلے ہی دے دیتا ہے، آپ کے پاس منی ٹریل نہیں ہے۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی کے خلاف کیس بنانے کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ ہمارے توجعلی اکاؤنٹس نہیں ہے۔ جس پربھی الزام ،منی ٹریل دے معاملہ ختم ہو جائے گا۔ وفاقی حکومت کا ایک بنیادی ایجنڈا رول آف لاہے۔ ملکی آئینی ادارے ہماری عزت ہیں، قانون کی بالادستی وفاقی حکومت کا ایجنڈا ہے۔