غیر قانونی پلاٹس الاٹ کرنیکا معاملہ، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آویزاں

Published On 10 October,2020 10:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) غیر قانونی پلاٹس الاٹ کرنے کے معاملے میں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس آویزاں کر دیا۔ عدالت نے نواز شریف کو 30 دن میں عدالت پیش ہونے کی وراننگ دے دی۔

احتساب عدالت کے جج اسد علی خان نے اشتہاری قرار دینے کا عدالتی نوٹس جاری کیا، تفتشی افسر نے نواز شریف کو اشتہاری کا نوٹس عدالت کے باہر اور انکی رہائش گاہ پر آویزاں کیا۔ تفتشی افسر وزرات خارجہ کے ذریعے لندن اشتہاری قرار دینے کا نوٹس ارسال کرے گا۔ نیب کی جانب سے حارث شفیق قریشی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

اشتہاری نوٹس میں کہا گیا کہ نواز شریف 30 دن میں عدالت میں پیش ہوں ورنہ انکو عدالتی اشتہاری قرار دیا جائے گا اور قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ عدالت نے نواز شریف کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ 87 کے تحت نوٹس جاری کیا۔ عدالتی نوٹس کو نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر ایزواں بھی کردیا گیا ہے۔

یاد رہے نواز شریف کے خلاف غیر قانونی پلاٹس الاٹ کرنے کا ریفرنس نیب نے عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں نواز شریف سمیت چار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
 

Advertisement