لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن پہنچتے ہی تندرست ہوگئے، دل کا علاج کرانا تھا جو انہوں نے نہیں کرایا، سابق وزیراعظم کا ہسپتال میں داخل نہ ہونے کا مطلب ہے وہ ٹھیک ہیں، اس لئے نواز شریف کو واپس آجانا چاہیئے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا وبا پر قابو پایا مگر ابھی ختم نہیں ہوا، جب تک ویکسین نہیں آتی، کورونا پھیلتا رہے گا، پوری دنیا میں پاکستان کی کورونا سے متعلق حکمت عملی کو سراہا جا رہا ہے، دوبارہ لاک ڈاؤن سے بچنے کیلیے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ رکھا جائے۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 558 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 266 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 671 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 484، سندھ میں ایک لاکھ 39 ہزار 910، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 273، بلوچستان میں 15 ہزار 498، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 900، اسلام آباد میں 17 ہزار 210 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 991 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 38 لاکھ 28 ہزار 952 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 665 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 3 ہزار 62 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 475 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 558 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 252، سندھ میں 2 ہزار 543، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 263، اسلام آباد میں 188، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 77 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔