کورونا کی دوسری لہر، سیاسی جماعتیں 3 ماہ کیلئے جلسے جلوس ملتوی کر دیں: فواد

Published On 10 October,2020 10:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر سیاسی جماعتیں 3 ماہ کیلئے جلسے جلوس ملتوی کر دیں، میں سمجھتا ہوں سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر این سی اوسی نے نئے ایس او پیز جاری کئے ہیں، نئے ایس او پیز میں شادیوں اور دیگر تقریبات کو محدود کرنے کا کہا گیا ہے، اپوزیشن بھی تحریک اگلے سال تک ملتوی کر دے۔

دوسری جانب کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 558 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 266 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 671 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 484، سندھ میں ایک لاکھ 39 ہزار 910، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 273، بلوچستان میں 15 ہزار 498، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 900، اسلام آباد میں 17 ہزار 210 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 991 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 38 لاکھ 28 ہزار 952 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 665 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 3 ہزار 62 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 475 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 558 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 252، سندھ میں 2 ہزار 543، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 263، اسلام آباد میں 188، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 77 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement