اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے کام کرے۔
یوم یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا بھارتی غیر قانونی قبضے کی مذمت پر یوم سیاہ منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کر رہے ہیں، 73 سال قبل بھارتی فورسز نے کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا، 7 دہائیوں بعد بھی بھارت کشمیری عوام کا عزم توڑنے میں ناکام ہے، بھارت ریاستی دہشت گردی، آزادی اظہار رائے پر پابندیوں میں ملوث ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا تشدد، اموات، کشمیری قیادت کی نظر بندیوں کی دنیا گواہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال، گھروں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے، بھارت ہر حربے کے باوجود خودارادیت کی جدوجہد ختم نہیں کرسکا، بھارتی کارروائیاں آر ایس ایس سے متاثر ہندوتوا سوچ کی عکاسی ہیں، مقبوضہ وادی میں 5 اگست کے یکطرفہ اقدام نے ‘ہندوتوا’ نظریہ کو بے نقاب کیا، ہندوتوا نظریے، اکھنڈ بھارت ڈیزائن کا امتزاج علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، تنازعہ کی عالمی قانونی حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں میں شامل ہے۔