معیشت کو کریش کرنے والی ن لیگ موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار ہے: شہباز گل

Published On 28 October,2020 02:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ معیشت کو کریش کرنے والی ن لیگ موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار ہے،عوام جانتی ہے کہ تین دھائیوں سے لوٹ مار میں مصروف ٹولے نے ملک کو دگرگوں معیشت کی صورتحال تک پہنچایا۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے ن لیگی رہنما احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہدیگر ممالک اس لیے آگے نکل گئے کیونکہ وہاں میاں مفرور جیسے کرپٹ لیڈرز نہیں تھے، نہ ہی ان ملکوں پر ارسطو جیسے درباری مسلط تھے، جمہوریت کو اپنی کرپشن کیلئے استعمال کرنے والے جعلی چیمپئن بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت ملتے ہی 11 ارب ڈالر قرض کی قسط کی ادائیگی کا چیلنج اور 20 ارب ڈالر کا خسارہ ملا، مسلم لیگ نے 2018 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 19 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز پر چھوڑا، گزشتہ ماہ 73 ملین ڈالر کا سرپلس ہوا، گذشتہ ماہ برآمدات 29 فیصد بڑھیں جبکہ ترسیلاتِ زر میں نو فیصد اضافہ ہوا۔

ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ معیشت کی یہ بہتری عمران خان کے وژن کی وجہ سے ہے، کاروبار جسے آپ نے مہنگی بجلی کی وجہ سے تباہ کیا آج دوبارہ بحال ہو رہا ہے،صنعتوں کی ترقی سے نوکریوں میں اضافہ ہو رہا ہے، آج نوجوانوں کو اپنا کاروبار کرنے کے لیے قرض دیئے جا رہے ہیں۔
 

Advertisement