اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے حضور ﷺ کی شان میں فرانسیسی مفکر کا قول ٹویٹ کر دیا۔ الفونسے، ڈی، لامر ٹائن نے شاندار الفاظ میں آقائے دو جہاں کو خراج تحسین پیش کیا۔
عمران خان نے ٹویٹ میں فرانس کے معروف مفکر اور دانشور کا قول شیئر کیا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فرانسیسی لکھاری کے رسول ﷺ کے متعلق الفاظ میرے پسندیدہ ہیں۔
One of my favourite quotes about our beloved Prophet PBUH. pic.twitter.com/ro8pYJbQn5
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 29, 2020
الفونسے، ڈی، لامر ٹائن کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ پوچھنا چاہیے کہ انسانی عظمت جانچنے کے جتنے بھی معیار ہیں، کیا ان میں سے کسی بھی معیار پر کوئی انسان نبی اکرم ﷺ سے زیادہ عظیم ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھا، جس میں کہا کہ مسلم ممالک کے سربراہان ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر متحد ہوں، ہمیں مغربی دنیا کو ناموس رسالت ﷺ کی مسلمانوں کیلئے اہمیت بتانا ہوگی، یورپ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے واقعات ہو رہے ہیں، بے حرمتی کے واقعات، قیادت کی سطح پر بیانات اسلامو فوبیا بڑھنے کا ثبوت ہے۔
خط میں مزید کہا کہ یورپ میں مساجد کو بند، حجاب پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، پادریوں و مذہبی پیشواؤں کو مذہبی لباس پہننے کی آزادی ہے، ہولوکاسٹ کی طرح مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے یورپ میں واقعات ہو رہے ہیں۔