اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تعمیرات کے شعبے سے روزگار کے مواقع ملیں گے اور کورونا وبا کی وجہ سے معاشی نقصان کے ازالے میں مدد ملے گی۔ سرمایہ کاروں کے لیے انتظامی کارروائیوں کو سہل بنایا جائے۔
وہ جمعرات کو یہاں قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات اور ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کو آگاہ کیا کے 17 اپریل 2020ء سے اب تک 877 رہائشی اور 10 صنعتی منصوبوں کی تعمیر کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں 363 منصوبوں کی اجازت دی جا چکی ہے جن کا کل تعمیراتی حجم 12 ملین سکوائر فٹ بنتا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبہ میں سیمنٹ، سٹیل، ٹائلز اور سیرامیک کی فروخت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کاغذات کی بروقت جانچ پڑتال کے لئے مانیٹرنگ کا آن لائن نظام موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے اس لئے تعمیرات کے شعبے میں بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے آگاہ کیا کے صوبہ بلوچستان میں کل 1067 کمرشل اور 2033 رہائشی منصوبوں کے لئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی پراسیسنگ کی جا رہی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے آن لائن فیسوں کی ادائیگی کے لئے ون لنک سے معاہدہ طے پا چکا ہے۔ پراپرٹی کے دستاویزات کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو اسلام آباد میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم کے بارے آگاہ کیا گیا۔