اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ایاز صادق کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ شبلی فراز نے کہا لیگی رہنما کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے، اب قانون اپنا راستہ لے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہنا ہے کہ ریاست کو کمزور کرنا ناقابل معافی جرم ہے، اس کی سزا ایاز صادق اور ان کے حواریوں کو ضرور ملنی چاہیے، سابق سپیکر کی کہی ہوئی بات معافی سے آگے نکل چکی ہے، اب قانون اپنا راستہ لے گا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل شبلی فراز نے نبی آخر الزمان حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے پر اہل وطن اور تمام مسلمانان عالم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا آپؐ تمام کائنات کیلئے رحمت اللعالمین بن کر تشریف لائے، بھٹکی ہوئی انسانیت کو امن و آشتی اور رواداری کے درس سے روشناس کرایا، معاشرتی مسائل کا حل محسن انسانیت کے اخلاق حسنہ کی پیروی میں ہے۔
انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کے تصور پر فلاحی مملکت بنانے کا عزم رکھتے ہیں، ایسی ریاست جہاں انصاف کا بول بالا ہو اور مساوات کی حقیقی روشنی سب کو میسر آئے۔