اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا مسلم ممالک کے سربراہان کو خط دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کی ترجمانی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا مختلف مغربی ممالک میں اسلام اور آنحضور ﷺ کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا افسوسناک ہے، خود کو مہذب اور عالمی حقوق کا علمبردار کہلوانے کے دعویدار مسلمانوں کے جذبات کا احترام بھی سیکھیں۔
گستاخانہ خاکوں کا معاملہ: وزیراعظم کا مسلم ممالک کے سربراہان کو خط
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھا، جس میں کہا کہ مسلم ممالک کے سربراہان ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر متحد ہوں، ہمیں مغربی دنیا کو ناموس رسالت ﷺ کی مسلمانوں کیلئے اہمیت بتانا ہوگی، یورپ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے واقعات ہو رہے ہیں، بے حرمتی کے واقعات، قیادت کی سطح پر بیانات اسلامو فوبیا بڑھنے کا ثبوت ہے۔
خط میں مزید کہا یورپ میں مساجد کو بند، حجاب پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، پادریوں و مذہبی پیشواؤں کو مذہبی لباس پہننے کی آزادی ہے، ہولوکاسٹ کی طرح مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے یورپ میں واقعات ہو رہے ہیں۔