فرانسیسی صدر کیخلاف مسلم دنیا میں احتجاج جاری، تہران میں دھرنا، ڈھاکا میں مظاہرہ

Published On 29 October,2020 10:46 am

تہران: (دنیا نیوز) فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیانات کے خلاف مسلم دنیا میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر سیکڑوں افراد نے دھرنا دیا، ڈھاکا میں ہزاروں افراد نے بڑا مظاہرہ کیا۔

گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر میکرون کی ڈھٹائی کے خلاف مسلمانوں کا شدید رد عمل جاری ہے، تہران میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر سیکڑوں ایرانیوں نے دھرنا دیا، مظاہرین نے فرانسیسی صدر کا پوسٹر جلا دیا۔ احتجاج میں شریک افراد نے فرنچ مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا، خواتین نے بھی سفارت خانے کے سامنے دھرنے میں شرکت کی۔

بنگلہ دیش میں بھی بڑا مظاہرہ کیا گیا، ڈھاکا کی جامع مسجد سے نکالی گئی ریلی میں شریک افراد نے فرانسیسی سفارت خانے کی طرف مارچ کیا۔ دینی جماعت کے کارکنوں نے فرانسیسی صدر کا پتلا جلایا، مظاہرین نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا بھی مطالبہ کیا۔

ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ آزادی اظہار مذہبی مقدسات کی گستاخی سے تعلق نہیں رکھتی، ہم اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یورپ نے اب ہماری قدروں کو براہ راست نشانہ بنانا شروع کردیا ہے، وہ اسلام کے خلاف اپنی نفرت کو چھپانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتے۔
 

Advertisement