لاہور: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ ایاز صادق کا بیان درست نہیں، پاکستان کی جیت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، اپوزیشن کے بیانات ملکی سلامتی کیلئے تباہ کن ہیں، لیگی رہنما نے اپنی وضاحت بھی غلط انداز میں کی۔
معاون خصوصی شہباز گل نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ایاز صادق کون ہیں یہ فیصلہ کرنیوالے کہ ابھی نندن واپس جائے گا یا نہیں، ابھی نندن کی واپسی کا فیصلہ حکومت وقت نے کرنا ہے، فیصلہ سازی کی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے، آپ سے کوئی پوچھنے نہیں گیا تھا کہ ابھی نندن کو چھوڑ رہے ہیں، آپ کو صرف آگاہ کیا گیا کہ ابھی نندن کو واپس جانے دے رہے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا پاکستان مخالف بیانیے کو اسمبلی میں کھڑے ہو کر بہادری سے بیان کیا جاتا ہے، ایاز صادق کا بیانیہ بھارتی میڈیا میں لگاتار چل رہا ہے، ٹانگیں کانپتیں تو اگلے دن بھارت کے 2 جہاز نہ گراتے ؟ آپ کو پتا چل گیا کہ ٹانگیں کانپ رہی تھیں، آپ پاؤں پکڑ کر بیٹھے تھے ؟ آپ کی پاؤں پکڑنے کی عادت کیوں نہیں جاتی ؟ کیا آپ رومال پکڑ کر کھڑے تھے جو آپ کو پتا چل گیا عمران خان کو پسینہ آگیا؟۔