اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں پی ڈی ایم جلسوں میں آئین کی دھجیاں اڑانے پر مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا گزشتہ دنوں جلسوں میں آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں، مقدس ایوان آئین پاکستان کی توہین کی مذمت کرتا ہے، قومی زبان پر جو بیان دیا گیا وہ آئین کی توہین کی گئی، ملک کو آپ نے لوٹا، اس میں اداروں کا کیا قصور ؟ مزار قائد پر جو ہوا اس کا یہ ایوان مذمت کرتا ہے، لعنت بھیجتا ہوں ایسے لوگوں پر جو بھارتی موقف کی تائید کرتے ہیں۔
مراد سعید کا کہنا تھا اپوزیشن کا مقصد صرف این آر او حاصل کرنا ہے، جو لندن بیٹھے ہیں ان کی اتنی اوقات نہیں ہے، وہ کرپٹ ہیں، نواز شریف باہر بیٹھ کر اداروں کے خلاف بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاک افغان سرحد پر باڑ کے بارے میں کہا گیا اسے اکھاڑ پھینکیں گے، باڑ لگانے کے بعد دہشت گردی میں کمی ہوئی، آپ کا بھائی گورنر تھا، آپ نے وہاں کیا کام کیا ؟ جب بھی دہشتگردی ہوتی تھی تو کہتے تھے باہر سے ہوئی۔
وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا سانحہ پشاور پر بہت دکھ ہوا لیکن یہاں سیاست شروع ہوگئی، ایوان میں قطری خط آپ نے پیش کیا، عدالتوں نے نواز شریف کو جھوٹا اور نا اہل قرار دیا ہے، پاکستان کے خلاف سازشوں کا حصہ نہ بنیں۔