’ترک قوم کیساتھ کھڑے ہیں’: وزیراعظم، صدر کا زلزلے پر اظہارِ افسوس

Published On 31 October,2020 05:15 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترکی میں آنے والے زلزلے کے بعد وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قیمتی جانی اور مالی نقصان پر افسوس کااظہارکیاہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا ہے کہ ازمیر میں زلزلے کی خبر سن کر نہایت افسوس ہوا، محترم اور برادر طیب اردگان متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے پاکستانی عوام کا اظہار تعزیت پہنچائیں۔

عارف علوی نے کہاکہ ہم تمام متاثرہ افراد سے افسوس کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے شہرازمیرمیں زلزلہ سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرترکی کے صدررجب طیب اردوان اورترکی کے عوام سے تعزیت کا اظہارکیاہے۔ پاکستان ترک قوم کے ساتھ کھڑاہے۔

ٹویٹر پر وزیراعظم نے ترکی کوممکنہ مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ 2005 کو پاکستان اورآزادکشمیرمیں تباہ کن زلزلہ کے بعد جس طرح ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا، اسے ہم نہیں بھول سکتے۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی تمام تر ہمدردیاں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترک شہر ازمیر میں شدید زلزلہ، کئی عمارتیں زمین بوس، مرنیوالوں کی تعداد 26 ہوگئی

انہوں نے غمزدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ حکومت پاکستان ترک بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سےجاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام نے ازمیر شہر اور گرد و نواح میں خوفناک زلزلہ کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں قدرتی آفت کا شکار ہونے والے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح پاکستانی عوام اپنے ترک عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
 

Advertisement