کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن میں ملزمان نے فائرنگ کرکے مسجد کے پیش امام مفتی عبداللہ کو زخمی کر دیا۔ فائرنگ کرنے والے ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑلیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
کراچی میں ایک اور فائرنگ کا واقعہ، جمشید روڈ ایک نمبر کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے مسجد کے پیش امام مفتی عبداللہ زخمی ہو گئے۔ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مسجد سے مفتی عبداللہ کا پیچھا کیا اور گھر کے قریب پہنچنے پر گولی مار دی، مفتی عبداللہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائرنگ کرنے والے ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مفتی عبداللہ موٹرسائیکل پراپنے ساتھیوں سمیت رہائشی عمارت کے قریب پہنچے تو ملزم نے ان پر فائرنگ کردی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول برآمد کرکے تھانے منتقل کیا گیا جہاں اس سے تفتیش جاری ہے، فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ بھی تاحال درج نہیں کیا گیا۔