اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کے نالہ لئی منصوبہ سے سیلاب سے ہونے والے نقصان کو روکنے میں مدد ملے گی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت نالہ لئی کے توسیعی منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں ایکسپریس وے، رنگ روڈ اور صنعتی زون منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ بڑے پیمانے پر شہری آبادی سے متعلقہ مسائل کو حل اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کرے گا۔
منصوبے سے مستقبل میں نالہ لئی میں سیلابی صورتحال کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ منصوبے پر تقریباً 79 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ہر سال آنے والے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی روک تھام ممکن ہو گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام شراکت داروں سے مشاورت کے بعد حتمی تجاویز مرتب کرکے منظوری کے لیے پیش کی جائیں۔