لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وباء میں تیزی کے باجود ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس نے فیصلہ دے دیا۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی ورچوئل کانفرنس ہوئی۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے تعلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ شرکاء کو وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں کورونا وباء کی دوسری لہر اور تعلیمی اداروں میں سامنے آنے والے کیسز پر بریفنگ دی گئی۔
بین الصوبائی وزرائے تعلیم اتفاق کیا کہ فی الحال تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے لیکن صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا، تعلیمی اداروں بالخصوص سکولز میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی جبکہ دیگر صوبوں سے متعلق فیصلہ موسمی صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ اپریل سے اگست تک کے تعلیمی سال اور مڈل و میٹرک کے بورڈ امتحانات پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 26 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 893 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 875 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 302 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 5 ہزار 535، سندھ میں ایک لاکھ 47 ہزار 787، خیبر پختونخوا میں 40 ہزار 22 بلوچستان میں 16 ہزار 26، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 320، اسلام آباد میں 20 ہزار 694 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 491 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 45 لاکھ 73 ہزار 768 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 32 ہزار 376 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 16 ہزار 665 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 893 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 385، سندھ میں 2 ہزار 647، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 284، اسلام آباد میں 229، بلوچستان میں 152، گلگت بلتستان میں 92 اور آزاد کشمیر میں 104 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔