اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا صرف ‘امن راہداری’ اقدام کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان چودھری زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کرتار پور راہداری کے حوالے سے بھارتی پروپیگنڈا یکسر مسترد کرتا ہے۔ بھارتی پروپیگنڈا خود سکھوں کی پربندھک کمیٹی بھی مسترد کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی گھناؤنا پروپیگنڈا کرتار پور راہداری کو متنازع بنانے اور سکھ برادری کے مفاد کے برخلاف ہے۔ بھارت ایسے اقدامات سے اقلیتوں کے ساتھ ہونیوالے بدترین سلوک سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پربندھک کمیٹی گردوارہ صاحبان پر مذہبی رسومات کیلئے با اختیار اور ذمہ دار ہے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ متروکہ وقف املاک کے زیرِ انتظام قائم کی گئی ہے۔ پی ایم یو کا کام پربندھک کمیٹی کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔