وزیر اعلیٰ پنجاب کا بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

Published On 06 November,2020 09:16 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، عثمان بزدار نے بعض علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ناراضی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل روڈ، گلبرگ، شاد مان، مزنگ، فیروز پور روڈ اور دیگر علاقوں میں شہری سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے قذافی سٹیڈیم سے قرطبہ چوک تک میٹروبس سروس کے روٹ کا بھی معائنہ کیا۔ عثمان بزدار نے میٹرو بس سروس کے بعض سٹیشن پر لائٹس کی بندش پر برہمی کا اظہار کیا اور میٹرو بس سروس کے تمام سٹیشنز کے روٹ پر لائٹس کو فنکشنل رکھنے کا حکم دے دیا جبکہ ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے، صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام خود فیلڈ میں موجود رہیں اور صفائی کی صورتحال کاجائزہ لیں، سرکاری فرائض میں کوتاہی کسی برداشت نہیں، آئندہ بھی اسی طرح سرپرائز وزٹ کروں گا، شہری سہولتوں کے محکموں اور اداروں کو عوامی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔
 

Advertisement