'پہلے سلیکٹڈ بلاول نے کہا، نوازشریف سے ثبوت مانگنا انکی ذاتی رائے ہو سکتی ہے'

Published On 06 November,2020 01:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز)لیگی رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان کو سب سے پہلے سلیکٹڈ بلاول نے کہا، نوازشریف سے ثبوت مانگنے کا فیصلہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ اور لیگی رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو ہمارے اتحادی ہیں انکی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، 2013سے 2018 تک ن لیگ کی حکومت تھی، پیپلزپارٹی کی نہیں، ہم عدالت میں نہیں کہ ثبوت پیش کریں۔ سب سے پہلے سلیکٹڈ بلاول بھٹو نے کہا تھا ہم نے نہیں، اگر عمران خان سلیکٹڈ ہیں تو سلیکٹ کرنے والا کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہانیوں کی بنیاد پر بات نہیں کر رہے، پاکستان میں سویلین بالادستی کیلئےتحفظات کا اظہارپی ڈی ایم پلیٹ فارم سے کیا گیا۔ محمد زبیر، بلاول بھٹو کے نوازشریف سے متعلق بیان پر ردعمل دے رہے تھے۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ نوازشریف کی جانب سے فوجی قیادت کا براہ راست نام لینا ان کا ذاتی فیصلہ اور میرے لیے ایک دھچکا تھا، انتظار ہے وہ کب ثبوت پیش کریں گے۔ عام طور پر ہم جلسوں میں اس طرح کی بات نہیں کرتے، نواز شریف کی اپنی جماعت ہے اور میں انہیں کنٹرول نہیں کرسکتا، نہ میں ان کو کنٹرول کرسکتا ہوں نہ وہ مجھے، ہمارا ایجنڈا اے پی سی میں طے پانے والی قرارداد میں واضح ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا میاں صاحب نے بغیر ثبوت کسی کا نام نہیں لیا ہوگا، کورونا کے باعث نواز شریف سے براہ راست ملاقات کا موقع نہیں ملا، نواز شریف سے ملاقات ضروری ہے تا کہ معاملے پر تفصیل سے بات کروں، حکومتوں میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کی تحقیق کیلئے کمیشن بنایا جائے۔